پنجاب حکومت سود خوروں کے ظلم کا شکار افراد کا ڈیٹا جمع کرے: نوراللہ صدیقی
معمولی قرض لینے والے اصل زر سے کئی گنا زائد سود دینے کے
باوجود مقروض رہتے ہیں
سودی کاروبار کے خلاف قانون سازی مستحسن اقدام، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی اے ٹی
لاہور (20 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سودی کاروبار کے خلاف قانون سازی مستحسن اقدام ہے۔ بل منظور کرکے ایک دینی و ایمانی اور انسانی خدمت کا فریضہ انجام دیا گیا، اس پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور اس بل کی منظوری میں حصہ لینے والے اراکین اسمبلی مبارک باد کے مستحق ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ سود کے نجی کاروبار کے خلاف قانون سازی کے اہم اقدام کے بعد پنجاب حکومت ایک سیل قائم کرے یہ سیل ان تمام افراد سے تحریری معلومات جمع کرے جنہوں نے مجبوری میں معمولی قرض لیا اور اصل زر سے کئی گنا زیادہ سود ادا کرنے کے باوجود انہوں نے قرض واپس کرنا ہے۔ ایسے تمام مجبور افراد کی سود خوروں سے جان چھڑائی جائے اور انہیں ظالم سود خوروں سے تحفظ دلوایا جائے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت معمولی سروسز چارجز کے ساتھ چھوٹے قرضوں کے اجراء کے لیے بھی کوئی پالیسی بنائے اور ماڈل پراجیکٹ کے طور پر اس کا اجرا پنجاب بنک سے کیا جائے تاکہ مجبور لوگ سود خوروں کے شکنجے سے محفوظ رہ سکیں۔
تبصرہ