عوام نے مشکل فیصلوں میں ساتھ دیا پھر بھی ریلیف سے محروم: خرم نواز گنڈاپور
2016ء میں غریب آبادی 33 فیصد، آج بڑھ کر 38 فیصد ہو گئی
ڈالر بڑھتا ہے تو پٹرول، ڈیزل بڑھا دیا جاتا ہے مگر کمی پر قیمتیں کم نہیں ہوتیں
لاہور (19 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہے کہ مشکل فیصلے کرنے میں عوام نے حکومت کا ساتھ دیا اور اب حکومت خود کہہ رہی ہے کہ حالات پر قابو پا لیا۔ اس کے باوجود عوام پر زندگی آسان ہونے کی بجائے ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکل کیوں ہورہی ے؟ ادارہ شماوریات کی رپورٹ کے مطابق ہر ماہ 4.3 فیصد کی شرح سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اس سے عوامی زندگی اور صنعت و حرفت کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے تو پٹرولیم مصنوعات بڑھ جاتی ہیں مگر اسی تجارتی اصول کے تحت جب ڈالرکی قیمت کم ہوتی ہے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہوتیں؟ انہوں نے کہا کہ اکانومی ٹھیک کرنے کے لئے آنے والے حکومتی اتحاد نے اکانومی کا رہا سہا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔ بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس گواہ ہیں کہ 2016ء میں 33 فیصد غریب آبادی تھی۔ آج غریب آبادی کی شرح 38.8 فیصد ہو چکی ہے۔ اگر غذائی بحران پر قابو نہ پایا گیا اور غیر ترقیاتی اخراجات کنٹرول نہ کئے گئے تو حالات سری لنکا سے بھی بدتر ہو جائیں گے۔
تبصرہ