لاہور میں معذور بچی کے ساتھ بداخلاقی کا واقعہ روح فرسا ہے: عوامی تحریک
واقعہ سے سر شرم سے جھک گئے، انسان نما درندے عبرت ناک سزا کے مستحق ہیں
چودھری پرویز الٰہی مثالی سزا کے لئے کیس کی خود نگرانی کریں: میاں ریحان مقبول
لاہور (16 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے مناواں لاہو رمیں ذہنی معذور بچی کے ساتھ پیش آنے والے اجتماعی بداخلاقی کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے روح فرسا واقعہ قرار دیا ہے۔ کسی مہذب انسانی معاشرے میں اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ سے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ واقعہ میں ملوث انسان نما درندوں کو مثالی اور عبرتناک سزا دلوانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کیس کے تمام قانونی مراحل کی خود نگرانی کریں۔ اس سنگین واقعہ کو پولیس کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ بدقسمتی سے پولیس ایسے کیسز میں مک مکا کر لینے کی شہرت رکھتی ہے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سطان محمود چودھری نے مناواں لاہور میں معذور بچی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے اندر پولیس، پراسیکیوشن اور فرسودہ نظام انصاف کی وجہ سے جرائم پیشہ ذہنیت پرورش پا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے معصوم بچیوں کے ساتھ دن دہاڑے ظلم ہورہا ہے مگر درندوں کو عبرتناک سزائیں نہ ملنے کی وجہ سے جرائم بڑھتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگین کیسز میں درست تفتیش اور بروقت فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے طاقتور ملزم سزاؤں سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی پولیس اور تفتیش کے ظالم نظام کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں ایک بار پھر موقع دیا ہے تو وہ بچوں اور بچیوں کے تحفظ کے لئے ابہام سے پاک قانونی سازی کریں کہ مجرم کسی طور پر بھی قانون کی گرفت اور سزا سے نہ بچ سکیں۔
تبصرہ