عوامی تحریک کا بارشوں سے ہونیوالے جانی نقصان پر اظہار افسوس
متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے فوری ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں: قاضی زاہد حسین
متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کی جائے بحالی و امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے
جائیں: صدر پی اے ٹی
لاہور (15 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص بلوچستان میں شدید بارشوں وسیلاب سے ہونیوالی تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
قاضی زاہد حسین نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے فوری ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے، ہزاروں مکانات، فصلیں اور باغات متاثر ہوئے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کی مکمل داد رسی کی جائے اور ان کی فوری بحالی و امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کی بحالی و مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔
قاضی زاہد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران، کارکنان اور رضا کار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو راشن، ادویات، کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کر رہے ہیں۔ مخیر حضرات متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے افواج پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنا شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے پاک کے فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے کا دکھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ بارشوں میں جاں بحق افراد کی مغفرت، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں بارشیں ہو رہی ہیں اور بہت سے علاقوں میں بارش کا پانی گندے پانی کے تالابوں میں تبدیل ہو رہا ہے، تعفن پھیل رہا ہے جس سے مختلف امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے، ضرورت اس مر کی ہے کہ فوری طور پر پمپنگ سٹیشنوں کو فعال کر کے پانی نکال کر متاثرہ علاقوں میں سپرے کیا جائے۔
تبصرہ