مختیار احمد قادری پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے: پاکستان عوامی تحریک
ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دلوائی جائے: آئی جی پنجاب سے مطالبہ
مختیار احمد قادری پر قبضہ مافیا کا قاتلانہ حملہ نا قابل برداشت اور قابل مذمت ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق کا مشترکہ بیان
لاہور (12 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول اور شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے اپنے مشترکہ بیان میں تحریک منہاج القرآن کے رہنما منتظم منہاج لائبرری باہتر (دھریک) قاری مختیار احمد قادری پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے مختیار احمد قادری پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کے خلاف فوری طوری پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ مختیار احمد قادری ملنسار، با کردار اور صاف گو انسان ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک منہاج القرآن کے متحرک کارکن ہیں۔ چند روز قبل ایک زمین کا جائز طریقے سے سودا کروانے کے معاملے میں علاقے باہتر (دھریک) کے ایک ظالم، جابر گروہ، جو قبضہ اور بھتہ لینے میں لوگوں کو ہراساں کرنے میں ملوث رہتے ہیں نے مختیار احمد قادری کو راستے میں روک کر قاتلانہ حملہ کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے ہیں، شدید زخمی حالت میں مختیار احمد قادری کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے، مختیار احمد قادری کا جرم صرف یہ تھا کہ انہوں نے دو پارٹیوں ایک زمین خریدنے کے خواہش مند والے اور ایک زمین بیچنے والے دونوں کو ملاکر ان کلا سودا کسی کمیشن یا لالچ کے بغیر کروا دیا، مگر قبضہ گروپ جن کی نظر شائد اس زمین پر تھی، اس لئے اس گروہ کے سرکردہ افراد کو یہ جائز سودا ہونا ناگوار گزرا، جس پر انہوں نے ایک شریف النفس انسان پر قاتلانہ حملہ کر دیا، لواحقین کی جانب سے تھانے میں درخواست اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ارادہ قتل کا مقدمہ نمبر 118/22 درج ہو چکا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مختیار احمد قادری پر قبضہ مافیا کا قاتلانہ حملہ نا قابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور لواحقین کا آئی جی پنجاب، ڈی پی او اور سی پی او سے مطالبہ ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے رہنماؤں سردار صابر خان، ملک توقیر اعوان، ملک طاہر جاوید، ملک مدثر عباس، غلام علی خان و دیگر نے مختیار احمد قادری پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
تبصرہ