چودھری پرویز الٰہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم طارق عزیز کو عہدے سے ہٹائیں: عوامی تحریک
ڈی پی او سرگودھا کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بطور ملزم طلب کیا: بشارت جسپال
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منہ زور ملزم ہر دور میں ترقیاں، من پسند پوسٹنگز حاصل کر لیتے ہیں
چودھری پرویز الٰہی نے ہمیشہ شہداء کے ورثاء کو انصاف دلوانے کا وعدہ کیا، سینئر نائب صدر
لاہور (11 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار طارق عزیز کو ڈی پی او سرگودھا لگا دیا گیا جو قابل تشویش ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی انہیں عہدے سے ہٹائیں۔ طارق عزیز کی پوسٹنگز سے شہدائے ورثاء میں بے چینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کردار اتنے بااثر اور منہ زور ہیں کہ وہ ہر دور میں ترقیاں اور من پسند پوسٹنگز حاصل کر لیتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہماری سیاسی دوستی اور مخالفت کا پیمانہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انصاف دلوانا تو وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے اختیار میں نہیں ہے مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسروں کو عہدوں سے ہٹانا تو ان کے دائرہ اختیار میں ہے؟ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے ہمیشہ سانحہ کے ملزمان کو سزا اور ورثاء کو انصاف دلوانے کا وعدہ کیا۔ اب اللہ نے انہیں اختیار دیا ہے کہ مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ طارق عزیز کو انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بطور ملزم طلب کررکھا ہے اور وہ سانحہ کے مرکزی کردار اور قتل و غارت گری میں پیش پیش تھے۔
تبصرہ