عوامی تحریک کے رہنماؤں کی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات
فرقہ واریت اور انتہا پسندی بڑے خطرے ہیں: صدر منہاج القرآن
انٹرنیشنل
ملاقات میں میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، ملک کرامت و دیگر رہنما موجود تھے
لاہور (10 اگست 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ سیاست خدمت انسانیت کا نام ہے۔ اہل سیاست انتہا پسندی اور متشدد رویوں کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس وقت پاکستان کو فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، صدر سنٹرل پنجاب پاکستان عوامی تحریک میاں ریحان مقبول، ملک کرامت علی، قاری مظہر فرید سیال، آصف گجر، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چودھری افضل وڑائچ، عبدالکریم کمیانہ، ملک فاروق احمد، ملک احمد اخوان و دیگر رہنما موجود تھے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام معتدل رویوں کے فروغ کی بات کرتا ہے۔ اُمت محمدیہ کی ایک شناخت اس کا معتدل ہونا ہے۔ جب تک رویوں میں اعتدال رہے گا زندگی کا نظم قائم رہے گا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کے لئے جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔ ہماری منزل مصطفوی انقلاب اور ریاست مدینہ کے ماڈل پر نظام سیاست کے خدوخال استوار کرنا ہے۔ وہی حکومتیں آئیڈیل ہیں جو اپنے عوام کو تعلیم، صحت اور انصاف فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان میں اس شعبے میں سخت محنت کرنے اور اقدامات بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ