کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں: میاں ریحان مقبول
کامونکی کے 7 سالہ بیٹے عبدالحسیب سے زیادتی کرنے والے ملزمان گرفتار کئے جائیں
بچوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب کا مشترکہ فرض ہے: صدر پنجاب پاکستان عوامی تحریک
بچوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کو نا قابل معافی جرم قرار دیا جائے: وفد سے گفتگو
لاہور (6 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں۔ صوبے میں ہر روز کم سن بچے اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہیں۔ کامونکی میں محنت کش محمد اعظم کے سات سالہ بیٹے عبدالحسیب کے ساتھ زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزمان کو پولیس تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کرے اور نشان عبرت بنائے۔ 7 سالہ عبد الحسیب کا والد اور خاندان کے دیگر افراد ایک سال سے انصاف کے حصول کیلئے دربدر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب ملک کرامت علی، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، قاری مظہرفرید سیال، عبد الکریم کمیانہ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ بچوں سے جنسی زیادتیاں اور ان کا جنسی استحصال سنگین جرائم ہیں اور قانون میں عبرت ناک سزائیں بھی موجود ہیں مگر پھر بھی ان جرائم کی شرح میں خوفناک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 سالہ عبدالحسیب سمیت دیگر بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے درندوں کو سزا دلوانے کیلئے ملک کی تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں سمیت دیگر طبقات کو ایک آواز ہونا ہو گا، ورنہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرم اس نا انصافی کے دور میں رہا ہوتے رہیں گے۔ بچوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب کا مشترکہ فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس ہے کہ بچوں سے زیادتی میں پنجاب پہلے نمبر پر ہے۔ نظام کی خرابیوں کے باعث 98 فی صد مجرم سزاؤں سے بچ نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے مربوط نظام ترتیب دینا ہوگا، سیاستدان، علما، میڈیا، این جی اوز اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں۔ بچوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کو نا قابل معافی جرم قرار دیا جائے۔
تبصرہ