پاکستان عوامی تحریک نے 75ویں جشن آزادی کی تقریبات کے شیڈول کا اعلان کر دیا
جشن آزادی مارچ، موٹر سائیکل ریلیاں، سیمینارز و کانفرنسز منعقد کر کے آزادی تقریبات منائی جائیں گی
منہاج القرآن ویمن لیگ ”تحریک پاکستان میں خواتین کا کردار“ کے عنوان سے تقریبات منعقد کرے گی
منہاج یوتھ لیگ جشن آزادی مارچ کے عنوان سے شہر شہر موٹر سائیکل ریلیاں نکالے گی
لاہور (4 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک نے75ویں جشن آزادی کی تقریبات کو جوش و خروش سے منانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ملک بھر میں 11 اگست سے 14 اگست تک جشن آزادی مارچ کے عنوان سے موٹر سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی، سیمینارز و کانفرنسز منعقد کر کے جشن آزادی کی تقریبات منائی جائیں گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی و تحصیلی دفاتر میں جشن آزادی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج برائے خواتین، آغوش آرفن ہومز اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام چلنے والے 600 سے زائد سکولوں میں تحریک آزادی کے حوالے سے پروگرامز منعقد کئے جائیں گے اور تمام عمارتوں پر پاکستانی پرچم آویزاں کیے جائیں گے۔
پاکستا عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے جملہ تنظیمات کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں، دعائیہ پروگرامز اور جشن آزادی مارچ کے عنوان سے ریلیاں نکالی جائیں۔ پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ پورے ملک میں جشن آزادی مارچ کے عنوان سے موٹر سائیکل ریلیاں نکالے گی۔ جن میں ہزاروں نوجوان شرکت کریں گے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ”تحریک پاکستان میں طلباء کے کردار“کے عنوان سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
75ویں جشن آزادی کے موقع پر پورے ملک میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے جائیں گے۔ ”جشن آزادی شجر کاری مہم“ کے عنوان سے 11 اگست سے شجر کاری مہم شروع کی جائے گی۔
14 اگست کے حوالے سے مرکزی تقریب پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی جس میں عوامی تحریک کے مرکزی قائدین اور دیگر مذہبی، سیاسی، سماجی رہنما شرکت کریں گے۔
منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشز کے تحت بھی ”سانجھا پاکستان“ کے عنوان سے تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں مسیحی، ہندو، سکھ، مسلم رہنما ملکی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد یگانگت کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پورے ملک میں ”تحریک پاکستان میں خواتین کا کردار“ کے عنوان سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی تقریب 13 اگست کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔
تبصرہ