عوامی تاجر اتحاد کا بجلی ٹیکس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان
17 اگست کو ہونے والی تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں
حکمران آئی ایم ایف کی ایک قسط کے لئے پوری قوم کو ٹارچر کررہے ہیں
عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں راشد چودھری، ملک آصف، نوید بٹ اور رانا منظور کا
مشترکہ بیان
لاہور (2 اگست 2022ء) عوامی تاجر اتحاد کے سیکرٹری جنرل راشد چودھری، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد لاہور آصف ملک، صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور نوید بٹ اور جنرل سیکرٹری لاہور رانا منظور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تاجروں کی طرف سے 17 اگست کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ عوامی تاجر اتحاد نے بجلی کے بلوں میں شامل کئے جانے والے جگا ٹیکس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکمران آئی ایم ایف کی ایک قسط کے لئے پوری قوم کو ٹارچر کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومت تاجروں کی آواز بنے۔ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی میں بجلی کے بلوں میں شامل کیا گیا حالیہ جگا ٹیکس واپس لینے کے لئے قراردادیں منظور کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دن پورے کررہی ہے ان کے پاس کوئی معاشی پالیسی ہے نہ ویژن۔
وفاقی حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگوں کی ساری توجہ فرد جرم رکوانے، تفتیشیں بدلنے اور کرپشن کیسز میں سزاؤں سے بچنے پر مرکوز ہے۔ ن لیگ نے اقتدار میں آ کر ہمیشہ تاجروں کو ڈنگ مارا۔
راشد چودھری نے کہا کہ تاجر ابھی کورونا وباء کے دوران مارکیٹوں کی بندش کی وجہ سے ہونے والے کاروباری نقصان سے باہر نہیں نکلے تھے کہ ن لیگ نے آئی ایم ایف کو راضی کرنے کے لئے ٹیکسوں کی بھرمار کی صورت میں تاجروں پر بجلی گرا دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بیوروکریسی کے اللے تللے جوں کے توں جاری ہیں۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی بجائے دن بدن اضافہ ہورہا ہے مگر ہر موقع پر قربانی صرف عوام اور تاجروں سے مانگی جاتی ہے۔ اب تاجر قربانی کا بکرا نہیں بنیں گے۔
نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری سمیت تمام اتحادی حکمران اپنا پیسہ اور کاروبار پاکستان لائیں یہاں کی مہنگی بجلی، مہنگے پٹرول، ڈیزل، جان لیوا ٹیکسز اور کرپٹ سرکاری مشینری کے ساتھ کاروبار کریں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ پاکستان کا تاجر کس تکلیف سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے کاروبار، بنک اکاؤنٹس اور جائیدادیں پاکستان سے باہر ہیں وہ پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال فقط ایک روز کی ہڑتال نہیں ہو گی ہم پاکستان کو برباد کرنے والوں کو اب برباد کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشرافیہ کے بینک اکاؤنٹس ڈالروں میں ہیں، جیسے جیسے روپیہ گرتا ہے ان کی دولت بڑھتی ہے، کرپٹ حکمرانوں نے روپے میں کاروبار کرنے والوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا۔
تبصرہ