وفاقی اور صوبائی حکومت نے بلوچستان کے معاملے میں بے حسی دکھائی: خرم نواز گنڈاپور
سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں، کسانوں کیلئے مالی پیکیج کا
اعلان کیا جائے
سیکرٹری جنرل نے بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے نائب ناظمین اعلیٰ سے معلومات حاصل
کیں
لاہور (30 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نائب ناظم اعلیٰ بلوچستان احمد نواز انجم اور نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور سیلاب اور بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت کا بلوچستان کی صورت حال کے بارے میں سرد مہری اور لاپروائی پر مبنی رویہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ پاکستان کے محب وطن شہری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری مدد کا پلان مرتب نہ کر کے بے حسی اور لاپروائی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت کا بھی متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت تمام وسائل متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کے لئے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بڑے پیمانے پر غریب خاندان بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ ان غریب خاندانوں کی گزراوقات مویشیوں کے سہارے پر تھی جو سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلاتاخیر بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں کے لئے مالی پیکیج کا اعلان کرے اور ان کی بحالی کے لئے تمام سرکاری مشینری کو متحرک کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ویلفیئر آرگنائزیشنز بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بھی اس حوالے سے اپنا فلاحی کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے راجن پور، روجھان اور تونسہ میں بھی سیلاب سے ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب متاثرہ کسانوں کی مدد کے لئے مالی پیکیج دیں۔ انہوں نے سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے بخشش کی دعا کی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تبصرہ