فردِ جرم کا ملزم عدلیہ کے اختیارات چھیننے کی بات کر رہا ہے: عوامی تحریک
عدلیہ کی نرمی کی وجہ سے شریف برادران پھانسی چڑھنے سے بچے ہوئے ہیں
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے راز سے پردہ اٹھا تو شہباز شریف سیدھا جیل جائیں گے: عارف چودھری
لاہور (28 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے کہا ہے کہ فرد جرم کے ملزم شہباز شریف عدلیہ سے اختیارات چھیننے کی بات کر رہے ہیں۔ قانون اور سیاسی اخلاقیات کے ساتھ اس سے بڑا مذاق اور کوئی نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف آج اگر زندہ ہیں تو وہ عدلیہ کی وجہ سے زندہ ہیں ورنہ ان کے جرائم کی فہرست اتنی طویل ہے کہ اگر قانون کے مطابق ان کے ٹرائل ہوتے اور فیصلے آتے تو یہ عمر بھر کبھی جیل سے باہر قدم نہ رکھ پاتے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑا اور قانونی ریلیف کیا ہو سکتا ہے کہ مجرم نواز شریف 50 روپے کے اشٹام پیپر پر لندن چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں میرے سینے میں بہت راز ہیں۔ یہ سارا خاندان رازوں کا بوجھ لئے مارے مارے پھر رہا ہے۔ یہ راز نکال کر سینے کا بوجھ ہلکا کیوں نہیں کر دیتے؟ انہوں نے کہا کہ ایک راز سانحہ ماڈل ٹاؤن کا بھی ہے جس دن یہ راز باہر آگیا شہباز شریف سیدھا جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی منصوبہ بندی نواز شریف نے وزیراعظم کی حیثیت سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں کی اور شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے پنجاب میں اس سازش پر عمل کیا۔ رانا ثناء اللہ 90 شاہراہ قائداعظم لاہور میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد روکنے کے لیے اجلاس منعقد کرنے کا اعتراف کر چکے ہیں، یہ لوگ کس منہ سے ناانصافی کی بات کرتے ہیں۔ ان کی اپنی تاریخ ناانصافیوں اور ظلم و بربریت سے بھری ہوئی ہے۔
انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور سے ایک روز قبل اسلام آباد سے لاہور خفیہ دورے پر آئے اور سازش پر عمل درآمد کرنے کے انتظامات کا جائزہ لے کر واپس چلے گئے۔ 16 جون اور 17 جون 2014 کی رات ڈاکٹر توقیر شاہ اور شہباز شریف مسلسل رابطے میں رہے ان کے ٹیلی فونک ریکارڈ کی مکمل تفصیل جے آئی ٹی کو جمع کروادی ہے، جب شواہد کا جے آئی ٹی کے سامنے ڈھیر لگ گیا تو یک لخت لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔ سوا دو سال سے سٹے آرڈر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو کام کرنے دیا جائے تاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اعلانیہ اور خفیہ کرداروں کے چہروں سے نقاب اٹھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو اللہ نے پنجاب میں دوبارہ اقتدار دیا ہے وہ اس بار سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے تمام وسائل اور اختیارات بروئے کار لائیں۔
تبصرہ