شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو انصاف دیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
امید ہے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی انصاف کیلئے اقدامات کریں گے
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران اور بیورو کریٹس کو عہدوں سے ہٹایا جائے
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال، سینئر رہنماؤں کی شرکت
لاہور (27 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے تحریک انصاف پنجاب کا اقتدار ملنے پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے ازالے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی اور وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے اقدامات کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران اور سول بیوروکریٹس کو عہدوں سے ہٹایا جائے اور شریف برادران کے دور حکومت میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر درج کی جانے والی جھوٹی ایف آئی آرز ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ جے آئی ٹی پر سٹے آرڈر ختم کروانے کیلئے قانونی محاذ پر پنجاب حکومت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی اور ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ آئینی و سیاسی بحران سے باہر نکلے گا اور عوام کوریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی بحران سنگین ہو چکا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہیں۔
اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، رانا محمد ادریس، شہزاد رسول، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، عرفان یوسف، حاجی اسحاق، شہزاد رسول، منصور قاسم اعوان، الطاف رندھاوا، سردار عمر دراز، رانا نفیس حسین، سدرہ کرامت، عائشہ شبیر نے شرکت کی۔
تبصرہ