چوھدری شجاعت اپنی جماعت کے خلاف سلطانی گواہ بن گئے: ڈاکٹر سلطان چوھدری
عوام نے ان کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا ہمدرد بننے والا
فیصلہ پسند نہیں کیا، صدر عوامی تحریک
چودھری صاحب نے اپنی مشہور زمانہ ”مٹی پاؤ“ سیاسی فلاسفی پر اپنے ہاتھوں مٹی ڈال دی
لاہور (25 جولائی 2022ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین ملکی سیاست کا معتبر نام تھے مگر انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا ہمدرد بن کر اپنی مشہور زمانہ ”مٹی پاؤ“ سیاسی فلاسفی پر اپنے ہاتھوں مٹی ڈال دی ہے۔ ان کے اس فیصلے سے ان کی”بزرگانہ سیاست“کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دنوں میں چوہدری شجاعت حسین عوامی تحریک کے کنٹینر میں بیٹھتے تھے اور نواز شریف، شہباز شریف کے بارے میں ہوشربا انکشافات کیا کرتے تھے۔
انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو ہمیشہ انصاف دینے کی بات مگر افسوس وہ آج انہی قاتلوں کے سیاسی اتحادی بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی شہرت بحرانوں کو حل کرنے اور راستے نکالنے کی تھی مگر اس بار وہ خود بحران پیدا کرنے کا سبب بنے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیرت ہے چوہدری شجاعت حسین جیسا زیرک شخص اپنی ہی پارٹی کے خلاف سلطانی گواہ بن گیا؟ چوہدری شجاعت حسین پرویز الٰہی کی یقینی وزارت اعلیٰ کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوئے؟ ان کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا مددگار بننے والا فیصلہ پاکستان کے عوام نے پسند نہیں کیا۔
تبصرہ