آئین، اسمبلیوں اور جمہوریت کو تماشہ بنا دیا گیا: خرم نواز گنڈاپور
عمران خان الیکشن کی تاریخ مانگنے کی بجائے نظام بدلنے کی
جدوجہد کریں
روپے کی بے قدری پر ہر پاکستانی تکلیف میں مبتلا ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا یہ نظام نمک کی کان ہے اس میں ہیرا بھی کوئلہ بن جاتا
ہے
لاہور (23 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئین، اسمبلیوں اور جمہوریت کو تماشہ بنا دیا گیا۔ جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں۔ موجودہ سیاسی بحران کم ہونے کی بجائے دن بدن گہرا ہو رہا ہے جس کی قیمت عوام اور قومی خزانہ چکا رہا ہے۔ ملکی قرضوں کا بوجھ آئندہ نسلوں کے سر پر رکھا جارہا ہے۔ موجودہ جمہوری نظام کے تحت قائم ہونے والی اسمبلیاں ناکارہ اور ناکام ہیں۔ 40 سال پہلے بھی لوٹا گردی ہورہی تھی اور 40 سال کے بعد بھی لوٹا گردی جاری ہے۔
آج اسمبلیوں میں بجلی، پانی اور معیشت کی زبوں حالی پر بات ہونی چاہیے تھی مگر اسمبلیوں میں اقتدار کی رسہ گشی کا منفی کھیل جاری ہے۔ موجودہ نظام اور اس کے محافظوں سے عوام تنگ آگئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 10سال قبل کہا تھا یہ نظام نمک کی کان ہے اس کے اندر ہیرا بھی کوئلہ بن جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ یہ نظام بچے کچے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ عمران خان کے لئے مشورہ ہے کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہدکا رخ الیکشن کی تاریخ مانگنے کی بجائے نظام کی تبدیلی کی طرف موڑیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری پر ہر پاکستانی تکلیف میں مبتلا ہے۔ حکمرانوں نے ڈالروں میں دولت کے ذخائر جمع کر رکھے ہیں جب ڈالر بڑھتا ہے تو ان کی دولت بڑھتی ہے جبکہ روپوں میں اجرت لینے والا مزدور فاقوں کی دہلیز پر بیٹھا ہے۔ خرم نواز گنڈاپو رنے مجرموں کی طرف سے عدلیہ کو دھمکیاں دئیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ نے دھن دھونس ا ور دھاندلی سے نظام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
تبصرہ