پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا بارشوں سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار
قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈاپور نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی
حکومت متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے:خرم نواز گنڈاپور
لاہور (6 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کارکنان متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس ا مر کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے اور انکی بحالی کیلئے تمام وسائل و افرادی قوت برؤے کار لائی جائے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے بارشوں سے قیمتی املاک کے نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں اور ممکنہ حد تک متاثرین سیلاب کی مدد کریں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے۔ اشیائے خورونوش کے علاوہ متاثرین کو خیمے بھی فراہم کئے جائیں کیونکہ کچے گھروں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں کہ مکان اور دیواریں گرنے سے مزید انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔ فوری ریلیف کی فراہمی کے بعد متاثرہ علاقوں میں گھروں اور املاک کا تخمینہ لگا کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی جائے تاکہ وہ اپنے گھروں کی تعمیر کر سکیں۔
تبصرہ