مہنگائی، لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام خودکشیاں کر رہے ہیں: میاں ریحان مقبول
منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کی بجائے اقتدار کیلئے گھتم گتھا ہیں
ایک ماں نے 8 سالہ بچے سمیت نہر میں کود کر جان دے دی: صدر پنجاب
لاہور (یکم جولائی 2022ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ، مہنگائی سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں او ر منتخب ایوان اپنے اپنے اقتدار کیلئے گتھم گتھا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدیداروں و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز درجنوں افراد فاقوں سے تنگ آ کر خودکشی کر رہے ہیں، شدید گرمی اور حبس کے موسم میں 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ہر روز مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا ہے مگر جن ایوانوں نے عوام کی تکلیف کم کرنے کیلئے سوچ بچار کرنا تھی وہ ایوان ایک نہ ختم ہونے والے لڑائی لڑنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک سمجھتی ہے یہ نظام فیل ہو گیا ہے اس نظام کو تحفظ دینے والے پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں، یہ نظام صرف چوروں، ڈاکوؤں کا محافظ ہے، اس منحوس نظام سے نجات حاصل کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ، لاہور، قصور میں 3 خود کشیاں ہوئیں۔ ننکانہ میں ایک مجبور ماں نے 8 سالہ معصوم بیٹے کے ہمراہ نہر میں کود کر جان دے دی مگر کسی حکمران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ کسی نے اس بے بس اور لاچار ماں کے لواحقین سے رابطہ تک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اگر ماں کی طرح ہوتی ہے تو آج اس ماں کے بچے نہروں میں کود کر جانیں دینے پر مجبور کیوں ہیں؟ کوئی ہے جو اس کا جواب دے؟
تبصرہ