شعائر اسلام کی حفاظت سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے: خرم نواز گنڈاپور
صحت مند جانوروں کی خریداری کے لئے ویٹرنری ایکسپرٹس کی خدمات
لی جائیں
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی اجتماعی قربانی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں
گفتگو
لاہور (29 جون 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے حکم کے تحت مصطفوی سوسائٹی کی تشکیل کیلئے جدوجہد کرنا ہر سیاسی جماعت کا دینی و ملی فریضہ ہے۔ الحمدللہ پاکستان عوامی تحریک دین اور انسانیت کی خدمت کا یہ فریضہ انجام دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اجتماعی قربانی مہم کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ ایڈمنسٹریشن جواد حامد، سیکرٹری اجتماعی قربانی مہم 2022ء خرم شہزاد بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے قربانی کے لئے رجسٹریشن کرواتے اور اس عظیم الشان اجتماعی قربانی مہم کا حصہ بنتے ہیں اور اپنے بے پناہ اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ اس اعتماد کی حفاظت دینی فریضہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ہماری انسانی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے قربانی کے جانوروں کی خریداری کمیٹی کو ہدایت کی کہ جانور خریدتے وقت ویٹرنری ڈاکٹرز، شرعی سکالر اور متعلقہ ماہر عملہ کی خدمات حاصل کی جائیں کیونکہ قربانی خالصتاً اللہ کے لئے ہے۔ اس لئے قربانی کا جانور ہر قسم کے عوارض سے پاک اور مکمل صحت مند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جانور خریدنے کے بعد ان کی حفاظت کے لئے بھی ویٹرنری ایکسپرٹس کی خدمات لی جائیں اور قربانی کے لئے خریدے گئے جانوروں کی چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر نگہداشت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کا گوشت بروقت مستحقین تک پہنچانے کے لئے تمام انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔
تبصرہ