پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کا اجلاس مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران کی شرکت
اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ بار کی صدارت کے لئے لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان
لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے حمایت پر عوامی لائرز موومنٹ اور پاکستان عوامی تحریک کا شکریہ ادا کیا
اجلاس میں راجہ زائد محمود، عارف چوہدری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ و دیگر کی شرکت
لاہور (3 جون 2022) پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان عوامی لائزر موومنٹ کے عہدیداران اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان عوامی لائرز موومنٹ نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن کی صدارت کے لئے انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار سینئر قانون دان لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زائد محمود، کوآرڈینیٹر عارف چوہدری، عوامی لائرز موومنٹ کے نائب صدر نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، جواد حامد، عوامی لائرز موومنٹ پنجاب کے صدر آصف سلہریا ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری پنجاب سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، صدر عوامی لائرز موومنٹ لاہور سعود خان ایڈووکیٹ، سابق نائب صدر لاہور بار ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پرویز خان گوندل، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، انور امجد ایڈووکیٹ، مختیار احمد ایڈووکیٹ سمیت سینئر وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ نے حمایت پر عوامی لائرز موومنٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کامیاب ہونے کے بعد وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معروف وکلاء گروپس اور نوجوان وکلاء کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ میں ایک پروفیشنل وکیل ہوں اور وکلاء کے مسائل کو سمجھتا ہوں۔ نوجوان وکلاء کے مسائل حل کروانے کے لئے کام کریں گے اور خواتین وکلاء کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سے کام کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ کالے کوٹ کے تقدس کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔ قانون کی حکمرانی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ عوامی لائرز موومنٹ پنجاب کے صدر آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا کہ لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ لاہور بار کی صدارت کے لئے ہمارے امیدوار ہیں۔ لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ کی کامیابی کے لئے دن رات ایک کریں گے۔ ہم سب نے مل کر پاکستان کو اپنے کردار اور کاوشوں سے بہترین ملک بنانا ہے۔
تبصرہ