پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پاکستان عوامی تحریک کا ردعمل
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے: قاضی زاہد حسین
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بے رحمانہ اقدام ہے: مرکزی صدر پی اے ٹی
عوام کو ریلیف دینے کے دعوے دار عوام کو تکلیف دے رہے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نور احمد سہو کا مشترکہ بیان
لاہور (27 مئی 2022) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے عوام کی ہمت او ر حوصلہ جواب دے گیا ہے۔ معیشت کی مضبوطی کے تمام دعوے جھوٹے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر معاشی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار نظرثانی کا ڈرامہ بند کرکے اس جان لیوا مہنگائی سے پریشان حال غریب اور سفید پوش عوام کو ریلیف دیا جائے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بے رحمانہ اقدام ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 30روپے فی لیٹر اضافہ عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی انتہاء کو پہنچ چکی تھی اب مزید اضافہ ملک کی معیشت کو تباہ اور غریب عوام کو زندہ درگو کردے گا۔ عوام تو دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر عوام کو معاشی استحصال سے دوچار کررہے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول اور جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے دعوے دار عوام کو تکلیف دے رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کے صدمے سے عوام ابھی سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ ان پر ظلم کا ایک اور پہاڑ توڑ دیا گیا۔ مہنگائی کی خوفناک لہر نے جس طرح عوام الناس کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ عوام کے لئے ریلیف کے اقدامات کیے جاتے۔ مگر اس کے برعکس ہرآنے والا دن عوام کے لئے دکھ اور کوئی بری خبر لے کر آتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ملکی معیشت کو تباہ او رغریب عوام کو زندہ درگو کردے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے متوسط اور غریب طبقہ پس گیا ہے۔ حکومتی پالیسیاں غربت نہیں بلکہ غریب مٹانے کے مترادف ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔
تبصرہ