انتقام اور نفرت کی سیاست نقصان دہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
لاقانونیت کے خاتمے اور عدل و انصاف کی فراہمی کے سوال پر ایوان خاموش ہیں
عوامی تحریک کے 33ویں یوم تاسیس پر آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے: جنرل سیکرٹری
لاہور (23 مئی 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد اپنے دفتر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور ملاقات کیلئے آنے والے سینئر راہ نماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتقام اور نفرت کی سیاست قومی یکجہتی کیلئے نقصان دہ ہے۔ عوامی تحریک 25 مئی کو اپنے 33ویں یوم تاسیس پر قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے لائحہ عمل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام مسائل کی جڑ ہے اور یہ نظام مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے۔ اس نظام سے نجات کیلئے تصادم نہیں قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی داؤ پر لگ گئی ہے۔ غیر ملکی قوتیں اس انتشار سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے عوامی تحریک کے راہنماؤں نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، عمر دراز خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے نظام کی تبدیلی کا جو پروگرام دیا تھا اس پر آج بھی عمل کر لیا جائے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اسمبلیوں میں اچھے کردار والے نمائندے نہیں آئیں گے بحران نہیں ٹلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت عوام کا مسئلہ مہنگائی، بیروزگاری، عدل و انصاف کی فراہمی اور لاقانونیت کا خاتمہ ہے مگر ان ایشوز پر ایوان خاموش ہیں۔
تبصرہ