مارگلہ جنگلات کی حفاظت پر مامور عملہ آگ کا ذمہ دار ہے: قاضی شفیق
ذمہ داروں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں
جدید ذرائع استعمال کر کے جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنائی جا سکتی ہے
نوجوان نسل کو بتانا ہو گا کہ درختوں اور پودوں سے حضور اکرم ﷺ کو کتنی محبت تھی: صدر پی اے ٹی شمالی پنجاب
لاہور (20 مئی 2022) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا ہے کہ مارگلہ جنگلات کی حفاظت پر مامور عملہ آگ کا ذمہ دار ہے، آگ لگا کر ویڈیو بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ماحولیات کے خطرے سے دوچار ہے، درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھو رہا ہے، مارگلہ میں جنگل کو جلا کر ویڈیوز تیار کی جا رہی ہیں، کیا اس سے بڑی بدبختی ہو سکتی ہے کہ جنگل کو جلا کر ویڈیوز بنائی جائیں؟ قاضی شفیق نے مطالبہ کیا کہ ٹک ٹاکر کے خلاف دہشت گردی، لینڈ اسکیپ ایکٹ، فارسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف ایکٹ اور انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا مذموم عمل نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ محکمہ جنگلات کے پاس جنگلات کی دیکھ بھال کیلئے سیکیورٹی گارڈز کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے۔ افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری بھی موجود ہے۔ محکمہ جنگلات کے ذمہ داران جنگلات کی حفاظت کیلئے افرادی قوت، مشینری اور دیگر جدید ذرائع استعمال کر کے جنگلات کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ٹمبر مافیا جنگلات کوآگ لگا کر لکڑی چوری کرتے ہیں، ایسے شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سماج میں رہنے کے آداب جب تک بچوں کے شعور میں نہیں ڈالے جائیں گے اس طرح کے تکلیف دہ واقعات ہوتے رہیں گے۔ بچوں کی تربیت پر توجہ دینا ہو گی، ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جسے ایک مہذب سماج کہا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کو بطور لازمی مضمون نصاب میں شامل کر کے اس انداز سے پڑھانا ہو گا جیسا پڑھانے کا حق ہے۔ بچوں کو یہ بتانا ہو گا کہ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کا لوگوں سے حسن سلوک کیا تھا۔ پرندوں اور جانوروں سے حضور اکرم ﷺ کی شفقت اور محبت کا عالم کیا تھا، درختوں اور پودوں سے حضور اکرم ﷺ کو کتنی محبت تھی تو یقیناً یہ سماج بہتری کی طرف جائے گا اور اس طرح کے واقعات رک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ میں لگی آگ کے ساتھ ساتھ سماجی قدروں کو لگی آگ پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ