مہنگائی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ تشویشناک ہے: میاں ریحان مقبول
کرپشن اور مہنگائی کا راستہ روکنے کے لئے جامع اصلاحات ضروری
ہیں
ہر روز روپیہ گرتا اور غیر ملکی قرضوں کا گراف بڑھ رہا ہے: صدر عوامی تحریک
لاہور(8 مئی 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد مہنگائی اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ تشویشناک ہے۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے انسانی زندگی شدید مسائل سے دو چار ہے۔ دیہاتی زندگی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مکمل طور پر درہم برہم ہو چکی ہے۔ بوڑھوں، مریضوں اور بچوں کے لئے شدیدگرمی کے اس موسم میں سانس لینا بھی دوبھر ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اشیائے خورونوش اور ادویات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اور لوڈشیڈنگ میں 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران مہنگائی کے خلاف تحریک چلارہے تھے۔ آج انہیں موقع ملا ہے تو وہ جلتی پر تیل گرارہے ہیں اور ثابت ہو گیا کہ کسی کے پاس بھی عوامی مسائل کے حل کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ ہر کوئی اپنے اقتدار اور اپنی لوٹ مار بچانے کے چکر میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر چینی، چکن، دالوں، دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے سب دعوے ہوا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے پر غور ہورہا ہے کیونکہ آئی ایم ایف نے مشروط قرضے دینے کی حامی بھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ گرنے کی شرح بدستور جاری ہے اور غیر ملکی قرضوں کا گراف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام عوام کی خوشیوں کا قاتل ہے۔ اس نظام میں رہتے ہوئے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔
عمران خان کو بھی ڈاکٹر طاہرالقادری سمجھاتے رہے ہیں کہ وہ اس نظام میں کچھ نہیں کر سکیں گے اور کچھ عرصہ کے بعد آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر روئیں گے اور آج ویسا ہی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن، چور بازاری، اقرباپروری اور لوٹ مار کا راستہ روکنے کے لئے اس نام نہاد جمہوری نظام میں جامع اصلاحات لانا ہوں گی۔
تبصرہ