اسمبلیوں میں جاری ڈرامے بند ہونے چاہئیں: خرم نواز گنڈاپور
قاتلوں کو آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہوئے شرم آنی
چاہیے
قوم اس نام نہاد جمہوریت کی نوٹنکی سے عاجز آ چکی ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (5 اپریل 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں جاری ڈرامے بند ہونے چاہئیں۔ قوم اس نام نہاد جمہوریت کی نوٹنکی سے عاجز آ چکی ہے۔ سیاست کے نام پر کرپشن کی گئی اور ملکی و قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا۔ قومی خزانے کے لٹیروں اور بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کو آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ کیا آئین انسانی حرمت کی بات نہیں کرتا؟ عدلیہ کے وقار واحترام کی بات نہیں کرتا؟ جن لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا ججز پر قاتلانہ حملے کئے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ انسانوں کی جانیں لیں کیا یہ لوگ آئین و ملک کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ عوام دشمن جمہوری نظام کرپشن، مافیاز کا محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم فیصلہ کرے کہ اسے ملک چاہیے یا نام نہاد جمہوری نظام چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے ووٹوں کو بیچنے والے اور وفاداریاں بدلنے والے اس ملک کو دنیا میں بدنام کر رہے ہیں، یہی لوگ پاکستان کے دشمن ہیں۔ ایک نسل بوڑھی ہو گئی مگر لوٹ مار بند نہیں ہوئی۔
تبصرہ