سیاسی عدم استحکام، پنجاب مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے: عوامی تحریک پنجاب
صدر مملکت گورنر پنجاب کو رمضان سے قبل مہنگائی کنٹرول کرنے کی
ہدایات دیں
عثمان بزدار سستے رمضان بازاروں کیلئے 8 ارب کی سبسڈی کی سمری پر دستخط کرنا بھول گئے
تاجر، دوکاندار، خوانچہ فروش مزدوروں کو لوٹ رہے ہیں: میاں ریحان مقبول
لاہور (30 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پنجاب مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے۔ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب حکومت کے بغیر چل رہا ہے۔ عثمان بزدار نے اپنے استعفے پر دستخط کر دئیے مگر وہ جاتے جاتے 318 سستے رمضان بازاروں کیلئے 8 ارب روپے کی سبسڈی کی سمری پر دستخط کرنا بھول گئے جس کی وجہ سے سستے رمضان بازاروں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔ غریب عوام کو سستی اشیاء ملنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت گورنر پنجاب کو رمضان سے قبل مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایات جاری کریں اور گورنر پنجاب بلاتاخیر سیکرٹری انڈسٹری اور ڈپٹی کمشنرز کی میٹنگ کال کریں اور سرکاری مشینری کو مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیں۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ سیاسی شور شرابے اور عدم استحکام کی قیمت غریب مزدور ادا کررہے ہیں۔ تاجر، دوکاندار، خوانچہ فروش، ناجائز منافع خور شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہیں۔ ذخیرہ اندوز من مانی قیمتیں وصول کرنے کی پوری منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ مافیاز کا تحفظ ہو رہا ہے مگر غریب عوام کے مفاد کا تحفظ کرنے والا کوئی نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی استدعا کریں گے کہ وہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لئے ازخود نوٹس لیں اور سرکاری مشینری کو مہنگائی کنٹرول کرنے کا حکم دیں۔
تبصرہ