پیپلز پارٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قاتل ن لیگ سے دور رہے: خرم نواز گنڈاپور
ورکرز کنونشن سے نصیر خان جدون، قاضی شفیق، عارف چودھری و دیگر کا خطاب
آصف علی زرداری ن لیگ کو آکسیجن مہیا نہ کریں، یہ قاتل اور محسن کش ہیں
لاہور (29 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قاتل ن لیگ سے دور رہے۔ آصف علی زرداری ن لیگ کو آکسیجن مہیا نہ کریں، یہ قاتل اور محسن کش ہیں۔ یہ سانپ ہیں انہیں جب بھی موقع ملا یہ ڈسیں گے۔ ن لیگ نے ذوالفقار علی بھٹو کی قبر کا بھی میڈیا ٹرائل کروایا۔ نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کے ساتھ جو کچھ کیا وہ بھی تاریخ کا ایک کھلا باب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بنانے کی حامی ہے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نصیر خان جدون نے کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان میں ہر جگہ سیاسی کردار ادا کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے تو ہزارہ کیوں نہیں؟۔ ہم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے ساتھ ساتھ ہزارہ صوبہ کی قانون سازی بھی قومی اسمبلی میں لائیں۔
سنٹرل پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حلقہ این اے 133 لاہور میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو اس لئے سپورٹ دی تھی کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے امیدوار کا مقابلہ کررہے تھے۔ ن لیگ عوام کی خوشیوں کی قاتل ہے۔ انہیں کوئی آکسیجن نہیں ملنی چاہیے۔
ملک کرامت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف کو وزیراعظم اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوسرے ماسٹر مائنڈ رانا ثناء اللہ کو وزیر داخلہ بنانے کا عندیہ دے کر آصف علی زرداری نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اور محب وطن جمہوریت پسند عوام کی دل آزاری کی ہے۔
عارف چودھری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تبدیلی کی حقیقی پیامبر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے نظام بدلنے کیلئے قوم کو جو شعور دیا اب وقت آگیا ہے کہ اُس فکر کو نافذ کیا جائے۔ موجودہ جمہوری نظام نے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ اب محب وطن عوام کو خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے اپنا قومی کردار ادا کرنا چاہیے۔
دریں اثناء ایبٹ آباد پہنچنے پر ہزارہ ڈویژن اور خیبرپختونخوا کے مرکزی قائدین نے خرم نواز گنڈاپور و دیگر قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔ قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ مرکزی قائدین میں عارف چودھری نے ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر قاضی شفیق، نصیر خان جدون، جاوید ہزاروی، سید راحت کاظمی، ملک کرامت، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ملک طاہر جاوید، غلام علی خان، اظہر محمود اعوان اور مظہر محمود علوی، ڈاکٹر عمران یونس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تبصرہ