سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک کا بہت نقصان ہو رہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
جمہورت کا راگ الاپنے والے ایک دوسرے کا لباس تارتار کر رہے ہیں
سارے کرپٹ مل کر اس عوام دشمن نظام کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کہا وہ آج ایک بار پھر سچ ثابت ہورہا ہے
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک کی مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (26 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جب بھی کوئی سیاسی تنازعہ آیا آئینی بحران پیدا ہو گیا۔ موجودہ نظام بحرانوں کو حل کرنے کی بجائے بحرانوں میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ سارے کرپٹ مل کر اس عوام دشمن نظام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نظام ملک و قوم کو بچانے کے لئے ہوتا ہے یہ کیسا نظام ہے جسے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو نظام خود کو نہیں بچا سکتا وہ ملک و قوم کو کیا بچائے گا۔ عدم اعتماد کے شور میں ملک کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی حالات بہت سنگین ہیں ہمارے ملک میں فساد، انتشار اور الیکشن الیکشن کھیلا جارہا ہے۔ پورا نظام ناکارہ اور غیر فعال ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ فرسودہ نظام ایک مخصوص طبقے کے مفاد میں تو ضرور کام کرتا ہے مگر غریب عوام کے مفاد کے لئے اس نظام میں کچھ نہیں۔ موجودہ نظام عام آدمی کو ریلیف دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔ اراکین اسمبلی کی خروید و فروخت سے ملک کا وقار بری طرح مجروح ہو رہا ہے۔ جمہوریت کے محافظ اور جمہورت کا راگ الاپنے والے ایک دوسرے کا لباس تارتار کررہے ہیں۔ اسمبلی کو میلہ مویشیاں بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے والی آئینی شقیں پامال ہورہی ہیں۔ آئین و قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑ رہی ہیں۔ چھانا مانگا کی سیاست کے تربیت یافتہ ضمیروں کی بولیاں لگا رہے ہیں۔ اس فرسودہ نظام کا خوفناک چہرہ ایک بار پھر عوام نے دیکھ لیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کہا وہ آج ایک بار پھر سچ ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گالیوں، تھپڑوں اور جوتوں کے بعد بھی اس نظام کے محافظ اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں۔ اس فرسودہ نظام نے ظلم، نفرت، زیادتی اور انصافی کے سوا کچھ نہیں دیا۔
تبصرہ