مشترکہ دفاع، مشترکہ کرنسی، مشترکہ تجارت پر بات ہونی چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
او آئی سی کی میزبانی پاکستان کے لئے اعزاز ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
او آئی سی میں کشمیر، فلسطین پر بحث خوش آئند، ڈیجیٹل میڈیا پر دسترس حاصل کی جائے
لاہور (24 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ او آئی سی کی میزبانی پاکستان کے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ بین الاقوامی سیاست میں فعال کردار کے لیے او آئی سی کا فعال ہونا ضروری ہے۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم پر کشمیر اور فلسطین پر بحث خوش آئند ہے۔ مشترکہ دفاع، مشترکہ کرنسی اور مشترکہ تجارت پر بات ہونی چاہیے۔ آج کے گلوبل ورلڈ میں تنہا آگے بڑھنا اب ممکن نہیں ہے۔ اس لیے معدنی و افرادی وسائل سے مالا مال اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے وسائل اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ بالخصوص ای کامرس اور ڈیجیٹل میڈیا پر لیڈنگ رول کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔ ذرائع ابلاغ پر گرفت نہ ہونے کی وجہ سے عالم اسلام کی خوبیاں اس کی برائیاں بنا دی جاتی ہیں۔ اس پر دسترس ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 دہائیاں عالم اسلام کے لئے بہت کٹھن رہیں۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا الزام لگا کر عالم اسلام کی معیشت اور باہمی اتحاد کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔ نقصانات کا ازالہ اسی صورت ممکن ہے کہ عالم اسلام متحد ہو۔ عالمی امن کا قابل عمل ایجنڈا صرف اور صرف عالم اسلام کے پاس ہے۔ پائیدار امن کے لیے عالم اسلام کا باہمی اتحاد ناگزیر ہے۔ اسلام واحد الہامی مذہب ہے جس نے بے گناہ انسانی جان کے قتل اور فساد فی الارض کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔
تبصرہ