پتوکی واقعہ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دئیے: میاں ریحان مقبول
علماء، استاد، حکمران، والدین غیر انسانی واقعات کے ذمہ دار ہیں
سانحہ سیالکوٹ ہو یا ناروال ہر جگہ درندگی اور بربریت نظر آتی ہے
مقتول کے ورثاء کی داد رسی کی جائے: صدر عوامی تحریک پنجاب
لاہور (22 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پتوکی واقعہ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دئیے۔ علماء، استاد، حکمران، والدین غیر انسانی واقعات کے ذمہ دار ہیں۔ سانحہ سیالکوٹ ہو یا ناروال ہر جگہ درندگی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتوکی میں مزدور کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ سوسائٹی میں پائی جانے والی بے حسی اور غیر انسانی رویوں کی ایک جھلک ہے۔ بے حسی پر مبنی پے در پے واقعات سے سبق ملتا ہے کہ اس قوم کو اخلاقی تربیت کی ضرورت ہے جو نہیں ہوئی۔ حیرت ہے پیغمبرِ امن و سلامتی کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرنے والے اتنے بے حس ہو سکتے ہیں کہ ایک لاش کے پاس بیٹھ کر جانوروں اور درندوں کی طرح اپنے پیٹ کا دوزخ بجھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پتوکی کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا روح فرسا سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا سانحہ ہو یا نارروال، سانحہ جوزف کالونی ہو یا سانحہ سمبڑیال ہر جگہ انسانیت کی دھجیاں اڑتی نظر آتی ہیں۔ اس بربریت اور بداخلاقی کے ذمہ دار علماء، حکمران، استاد اور والدین ہیں جنہوں نے تربیت کا فریضہ انجام نہیں دیا۔ جرم اوربے حسی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ کسی کو بے گناہ انسانی جان کے ضائع ہونے کا بھی کوئی ڈر اور ملال نہیں رہا اور جرم کو جرم ہی نہیں سمجھا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پتوکی واقعہ میں ملوث تمام کرداروں کو قرار واقعی سزاملنی چاہیے اور غریب مزدور کے لواحقین کی دادرسی ہونی چاہیے۔
تبصرہ