عوام بکاؤ مال کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کریں: خرم نواز گنڈاپور
غیرملکی فنڈنگ والے مدارس کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے توعوامی
نمائندوں کے خلاف کیوں نہیں؟
اس نظام میں غیر ملکی قوتوں کو کوڑیوں کے بھاؤ غدار مل جاتے ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے
ٹی
لاہور (21 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام بکاؤ مال کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کریں۔ غیر ملکی فنڈنگ لینے والے مدارس کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے اور ان کی رپورٹیں پارلیمنٹ میں پیش ہو سکتی ہیں تو عوامی نمائندوں کے خلاف یہ کارروائی کیوں نہیں ہو سکتی؟ غیر ملکی فنڈنگ لینے والے عوامی نمائندوں کے چہروں سے نقاب ہٹنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی خبریں اور خط گردش کررہے ہیں جن کے مطابق بعض سیاستدان اور اراکین اسمبلی غیر ملکی ایجنسیوں سے جمہوریت کے استحکام کے نام پر فنڈز لیتے رہے ہیں۔ غیر ملکی ایجنسیوں سے فنڈ لینے والے غدار اور قومی مجرم ہیں ایسے تمام عناصر کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ قرضوں کی شکل میں ہو یا ڈونیشن کی شکل میں یا کسی کی مالی امداد کی شکل میں اس فنڈنگ سے پاکستان کا انتظامی، معاشی اور اخلاقی ڈھانچہ تباہ ہوا۔ بیرونی فنڈز لینے والے کبھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاکستان کے ذمہ داروں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اب ہمیں جمہوریت چاہیے یا پاکستان۔ موجودہ جمہوریت پاکستان کی سلامتی کو داغ دار کررہی ہے۔ اس نظام میں غیر ملکی قوتوں کو غدار کوڑیوں کے بھاؤ مل جاتے ہیں۔ اراکین اسمبلی کروڑوں میں اپنی بولیاں لگواتے ہیں مگر الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ایسے معاملات کا نوٹس لینے کی ہمیں آئین اجازت نہیں دیتا۔ پیسے لے کر وفاداریاں بدلنے والے اور پارلیمانی نظام کو تہس نہس کرنے والے جرائم پیشہ نمائندوں کے خلاف کارروائی کرنے والا کوئی ادارہ اور قانون موجود نہیں ہے۔
تبصرہ