اس فرسودہ نظام کا بھیانک چہرہ ایک بار پھر عوام نے دیکھ لیا: پاکستان عوامی تحریک
چھانگا مانگا کی سیاست لوٹ آئی، ضمیروں کی بولیاں لگ رہی ہیں
عمران خان کو چاہیے قوم سے خطاب کرکے حقائق سے پردہ اٹھائیں
ڈاکٹر طاہر القادری نے جو کہا وہ آج ایک بار پھر سچ ثابت ہورہا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدورمیاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نور احمد سہو کا مشترکہ بیان
لاہور (18 مارچ 2022) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق اور جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر چھانگا مانگا کی سیاست لوٹ آئی ہے۔ ضمیروں کی بولیاں لگ رہی ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عمران خان کو سمجھایا تھا کہ یہ نظام نمک کی کان ہے اس میں ہیرا بھی نمک بن جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ قوم سے خطاب کرکے حقائق سے پردہ اٹھائیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے تینوں صدور نے کہا کہ قوم کے نمائندوں کی بولیاں لگ رہی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ نظام بدلنے کی بات کی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نظام بدلنے کے لئے ہے۔ اس عوام دشمن نظام میں 100 الیکشن بھی ہوجائیں تو حالات نہیں بدلیں گے۔ چھانگا مانگا کی تربیت والوں نے ایک بار پھر خریدوفروخت کا بازار گرم کردیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کہا وہ آج ایک بار پھر سچ ثابت ہو رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ اس نظام کی سیاست کا بھیانک چہرہ ایک بار پھر عوام کے سامنے ہے۔ اراکین اسمبلی کی بولیاں لگ رہی ہیں۔ گالیوں، تھپڑوں اور جوتوں کے بعد بھی یہ لوگ اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں۔ اس نظام نے نفرت، ظلم، زیادتی، ناانصافی اور تنزلی کے سوا کچھ نہیں دیا۔
تبصرہ