چھانگا مانگا کی سیاست ایک بار پھر لوٹ آئی ہے: خرم نواز گنڈاپور
فرسودہ نظام کا منحوس چہرہ قوم نے ایک بار پھر دیکھ لیا ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
چھانگا مانگا کا جنگل تو لٹیروں نے ختم کر دیا مگر چھانگا مانگا کی سیاست ختم نہیں ہوئی
ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو کہا کہ وہ ایک بار پھر سچ ثابت ہو رہا ہے، سنٹرل ورکنگ کونسل اجلاس سے خطاب
لاہور (16 مارچ 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اس عوام دشمن فرسودہ نظام کا منحوس چہرہ قوم نے ایک بار پھر دیکھ لیا ہے۔ چھانگا مانگا کی سیاست ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔ گھوڑے بکنے کیلئے تیار ہیں۔ ضمیر فروشوں کی بولیاں لگ رہی ہیں۔ خود وزیراعظم نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو بیس بیس کروڑ روپے آفر ہو رہے ہیں۔ چوروں اور لٹیروں نے چھانگا مانگا کا سارا جنگل تو ختم کر دیا مگر چھانگا مانگا کی سیاست ختم نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹھیک کہا تھا کہ اس نظام کے ہوتے ہوئے کبھی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ اس فرسودہ نظام کے محافظوں سے اصولوں پر مبنی سیاست کی توقع رکھنا بیکار ہے۔ موجودہ فرسودہ نظام نے رہبروں اور رہزنوں کے درمیان تمیز کو ختم کر دیا، پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام دشمن نظام کے خاتمے کیلئے ہے۔ پاکستان عوامی دھاندلی زدہ انتخابی نظام کی تبدیلی کی سب سے مضبوط اور مؤثر آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ چھانگا مانگا کی تربیت والوں نے ایک بار پھر خرید و فروخت کا بازار گرم کر دیا ہے۔
اجلاس میں بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان، محمد رفیق نجم، رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، عارف چوہدری، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، رانا نفیس حسین، سدرہ کرامت، کلثوم قمر و دیگر رہنما موجود تھیں۔
تبصرہ