اسلام آباد میں غیر معمولی نقل و حمل سے بڑے حادثے کی بو آ رہی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
ہمارے پر امن احتجاج پر تنقید کرنے والے پارلیمنٹ کے سامنے ملیشیا جمع کر رہے ہیں
پاکستان عوامی تحریک نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی درج کرانے کیلئے احتجاج کیا تھا
لاہور (9 مارچ 2022) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے پُرامن احتجاج پر تنقید کرنے والے بتائیں ان کی عسکری تربیت کی حامل پرائیویٹ ملیشیا پارلیمنٹ لاجز جیسے حساس ترین مقام پر کیوں جمع کی گئی؟ کیا مولانا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ڈنڈوں کے ساتھ آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کہ پرائیویٹ ملیشیا کے لوگ پارلیمنٹ لاجز کے اندر سے گرفتار ہوئے، انہیں کون لایا اور مقاصد کیا تھے؟ اس سے پردہ اٹھنا چاہیے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی اشرافیہ نے اپنے غنڈوں کے ذریعے خون کی ہولی کھیلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا احتجاج شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کیلئے تھا، آج یہ لوگ کس مقصد کیلئے مسلح جتھے جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے 72 دن کے احتجاج میں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا تھا اس وقت آئین و قانون کی بالادستی کے الفاظ پورے ”مخرج“ کے ساتھ ادا کرنے والے کہتے تھے پارلیمنٹ ہمارا معبد ہے اس کی حرمت پر حرف نہیں آنے دیں گے، آج وہی لوگ پارلیمنٹ کے اردگرد جتھے جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی قوتوں کے عہدیدار اسلام آباد میں پرائیویٹ گاڑیوں میں سیاستدانوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، اسلام آباد میں غیرمعمولی نقل و حمل سے کسی بڑے حادثے کی بو آ رہی ہے۔
تبصرہ