صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
تعلیم یافتہ خواتین نئی نسل کی بہترین تربیت کر سکتی ہیں: آشفہ ریاض فتیانہ
آج پاکستان کے ہر شعبہ کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔ صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ
وزیراعظم اراکین اسمبلی کو خریدنے والوں کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا کر انہیں نااہل کروائیں: خرم نواز گنڈاپور
جہاں بد امنی اور سیاسی عدم استحکام ہوتا ہے وہاں کبھی معاشی استحکام نہیں آ سکتا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (9 مارچ 2022) صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آشفہ ریاض نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین نئی نسل کی بہترین تربیت کر سکتی ہیں۔ آج پاکستان کے ہر شعبہ کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔ بہترین تعلیمی، تربیتی پروگرامز کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی پڑھی لکھی خواتین منہاج القرآن سے وابستگی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ خواتین بہترین مینیجر ہوتی ہیں۔ بیٹیوں کو چاہیے کہ تعلیم حاصل کریں اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں۔ طالبات حصول تعلیم کے بعد ملک کی ورک فورس میں شامل ہو کر خود کو ترقی کے عمل کا حصہ بنائیں۔ تعلیمی انقلاب، تہذیب و تمدن اور خواتین کی تربیت کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جہاں بد امنی اور سیاسی عدم استحکام ہوتا ہے وہاں کبھی معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔ وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو 20، 20کروڑ میں خریدنے کی بات کر کے موجودہ جمہوری نظام کے حوالے سے تشویش کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں خرید و فروخت کی سیاست کا خاتمہ نظر نہیں آ رہا۔ کون لوگ کروڑوں روپے کی آفر کرکے خرید و فروخت کی بات کر رہے ہیں وزیراعظم پاکستان ان کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوا کر انہیں نا اہل کروائیں۔
ملاقات میں نائب صدر پاکستان عوامی تحریک راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چودھری، عابد بشیر و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
تبصرہ