عوامی تحریک عوامی خدمت کیلئے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی: میاں ریحان مقبول
گھسے پیٹے زنگ آلود عوام دشمن نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا
پڑھے لکھے نوجوانوں کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بنایا جائے: صدر سنٹرل پنجاب پی اے ٹی
لاہور (24 فروری 2022) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے۔ عوام دشمن، سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ فرسودہ نظام کو یکسر تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ گھسے پیٹے زنگ آلود عوام دشمن نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا تاکہ ہم پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق عوامی فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔ سرمایہ دارانہ، ٹیکس چور جاگیردارانہ نظام نے پچھلے ستر سالوں سے ہمیں جکڑ رکھا ہے۔ اس فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے صرف سرمایہ دار، وڈیرے ٹیکس چور اور جاگیردار ہی اقتدار میں آتے ہیں۔ عوام ظالمانہ نظام انتخاب اور کرپشن کے خاتمے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کی خدمت کے لئے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ پنجاب کی تمام ضلعی تنظیموں کو بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو جمہوریت کی نرسری سمجھتے ہیں۔ صوبائی تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خدمت انسانیت کا جذبہ رکھنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ عوام کے مسائل ان کے گھروں کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک بھرپور طریقے سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی اور معاشی نظام دونوں عوام دشمن ہیں۔ کسی بھی غریب ملک میں جب سیاسی اور معاشی نظام سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ ہوتو ایسے نظاموں میں ہمیشہ عوام کو مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کی بنیاد ہی استحصال، ناانصافی، عدم مساوات، ذخیرہ اندوزی اور مفاد پرستی پر رکھی جاتی ہے۔
تبصرہ