لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کی سماعت 15 فروری کو ہو گی
غیر جانبدار تفتیش کے لئے شہداء کے ورثا عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں: نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ
لاہور (14 فروری 2022ء) لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ 15 فروری کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس کی اہم سماعت کرے گا۔ بنچ کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لیگل ترجمان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 7 سال سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تفتیش کے لئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی قائم ہوئی تھی جسے ایک ملزم کانسٹیبل کی درخواست پر معطل کر دیا گیا اور دو سال سے اس پر فیصلہ زیر التواء ہے۔
نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہمارا ایک ہی سوال ہے کہ کیا 17 جون 2014ء کو 14 لوگ قتل نہیں کئے گئے؟۔ کیا ان کی قبریں موجود نہیں ہیں؟ کیا یہ قتل عام میڈیا کے ذریعے پوری قوم بشمول ججز نہیں دیکھا اگر یہ درست ہے تو پھر قاتل سزا سے کیوں بچے ہوئے ہیں؟ قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کے لئے غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تفتیش ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فلور پر بننے والی جے آئی ٹی نے اپنی تفتیش مکمل کر لی تھی کہ سٹے آرڈر جاری کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کیس میں دونوں طرف سے بحث ہو چکی ہے صرف فیصلے کے منتظر ہیں۔
تبصرہ