غریب عوام کو تبدیلی کی خواہش بہت مہنگی پڑی: میاں ریحان مقبول
وزیراعظم نے مرضی کی ٹیم منتخب کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کریں
حکومت کی نااہلی سے لٹیروں کی واپسی کے خدشات بڑھ گئے: صدر پی اے ٹی
لاہور (11 فروری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے اگر وزیراعظم کی ٹیم کارکردگی نہیں دکھا سکی تو اس کا ذمہ دار براہ راست ٹیم کا کپتان ہے۔ وزیراعظم نے اپنی مرضی سے اپنی ٹیم منتخب کی اور اربوں، کھربوں روپے کے منصوبے بنائے۔ وزیراعظم اب یہ نہیں کہہ سکتے ”وزیر اچھی کارکردگی نہیں دکھائیں گے تو میں کیا کر سکتا ہوں“۔ وزیراعظم کو اس ناکامی کے اعتراف کے بعد مستعفی ہونا چاہیے۔ اگر وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیتے تو وزیراعظم نے جن وزراء کے لئے نااہلی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے انہیں ضرور مستعفی ہو جانا چاہیے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ وزیراعظم مسلسل تین سال کہتے رہے کہ بہت محنت کررہا ہوں اور اچھا وقت آنے والا ہے مگر اب عوام تک ثمرات پہنچانے کی بجائے وہ اپنی ٹیم کے نااہل ہونے کا بیانیہ لے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بطور اپوزیشن رہنما قوم کو امید دلائی تھی کہ ان کے پاس بہترین ٹیم ہے وہ ہفتوں اور مہینوں میں ملک کی تقدیر بدل دیں گے مگر ملک کی تقدیر بدلنے کی بجائے انہوں نے اپنے وزراء کے بار بار محکمے تبدیل کیے مگر بات پھر بھی نہیں بنی۔ عمران خان کی ٹیم کے بہت سارے اوپنر کھلاڑی یا تو نااہل ہو گئے یا انہیں چھوڑ چکے ہیں۔ اس وقت عوام اپنی مایوسی کی انتہا پر ہیں اور سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہے کہ قوم نے جن چوروں، لٹیروں سے نجات کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا ناقص کارکردگی کی وجہ سے ان لٹیروں کی اقتدار میں واپسی کی راہ ہموار ہونے کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو تبدیلی کی خواہش بہت مہنگی پڑی۔
تبصرہ