پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے ممبر شپ مہم شروع
عوامی تحریک کے سیاسی پروگرام میں نظام انصاف کو مرکزیت حاصل ہے
بلدیاتی اداروں کو آئین کے مطابق عالمی و انتظامی اختیار دیں گے: رہنما
لاہور (9 فروری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک نے ملک گیر ممبر شپ مہم سازی مہم شروع کر دی ہے اور ممبر سازی کے لیے سوشل میڈیا پر بھرپور کمپین کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، نوراحمد سہو، قیصر اقبال قادری، راؤ کامران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نظام بدلنے اور جامع اصلاحات کا پروگرام صرف عوامی تحریک کے پاس ہے۔ عوامی تحریک کے سیاسی پروگرام میں نظام انصاف اور فی کس آمدن میں اضافہ کو مرکزیت حاصل ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ عوامی تحریک ملکی وسائل کا غالب حصہ تعلیم و صحت کے بعد سکلز ٹریننگ پر خرچ کرے گی۔ ہر شہری کو عالمی معیار کے مطابق ہنر مند بنا کر انہیں پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا اور بے روزگاری کو ختم کیا جائے گا۔ ہنر مند افرادی قوت کی ایکسپورٹ کے ذریعے ملکی زرمبادلہ کو دوگنا تک بڑھایا جائے گا۔ ہنر مند افرادی قوت اور کسانوں کے ذریعے پاکستان کو قرضوں کی لعنت سے نجات دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک معاشی خوشحالی لانے کے لئے اندرون بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانیوں کے رابطے میں ہے اور ہم اپنا ہوم ورک مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو آئین کے مطابق بااختیار بنا کر حقیقی جمہوریت لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور ناانصافی سے تنگ پاکستانیوں کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو کر ملک کی تقدیر کو بدلیں۔
تبصرہ