پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی
ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری نے کی
ریلی میں شریک افراد نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا
مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے: مقررین
عارف چوہدری، حاجی فرخ، سید گلزار حسین شاہ، افضل گجر، ثاقب بھٹی و دیگر رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کیا
لاہور (5 فروری 2022) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ شرکائے ریلی نے قومی پرچم، کشمیر کے جھنڈے، پلے کارڈز، بینرزاور چارٹ اٹھار کھے تھے جن پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری اور جنرل سیکرٹری عوامی تحریک لاہور گلزار حسین شاہ نے کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوارڈینیشن عارف چوہدری، صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور حاجی فرخ خان قادری چوہدری افضل گجر، مفتی خلیل حنفی، ثاقب بھٹی، شفاقت مغل، راجہ ندیم سمیت عوامی تحریک کے رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک افراد بھارتی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ ریلی میں شریک افراد نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے پرزبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کو بری طرح پامال کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ان کا حق مل کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی۔ بھارت سمیت دنیا بھر کو اقوام متحدہ کی اس ضمانت کے بارے میں یاد دلانا انتہائی ضروری ہے۔
سیکرٹری کوارڈینیشن عارف چوہدری نے کہا اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام موثر ممالک کو اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو یہ یاد دلاتے ہیں کہ 13 اگست 1948ء اور 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیری عوام کو رائے شماری کا جو موقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد کئے بغیر مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور شفاف حل ممکن نہیں۔
ریلی سے خطا ب کرتے ہوئے عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کی بجائے مسئلہ کشمیر کے حل میں روکاٹ بنا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے۔ مائیں، بہنیں، نوجوان، بچے اور بوڑھے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد مسئلہ کشمیر کا واحد اور قابل عمل حل ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید گلزار حسین شاہ نے کہا کہ آج اگر دنیا اس خطے میں امن دیکھنا چاہتی ہے تو اسے بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے کے لئے قائل کرنا ہو گا۔
تبصرہ