سینکڑوں مسیحی سیاسی، سماجی رہنماؤں کی عوامی تحریک میں شمولیت
ولیم سراج کی فیملی کی سری لنکن مقتول شہری کی طرح مالی مدد کی جائے: خرم نواز گنڈاپور
مسیحی رہنما ریلی کی شکل میں آئے، عارف چودھری، راجہ اظہر عباس و دیگر نے خوش آمدید کہا
شمولیت اختیار کرنے والے مسیحی رہنماؤں کا بلدیاتی الیکشن میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان
لاہور (3 فروری 2022ء) سینکڑوں مسیحی سیاسی، سماجی مسیحی رہنماؤں و نمائندوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا اور بلدیاتی انتخابات میں عوامی تحریک کے امیدواروں کی بھرپور سپورٹ کرنے کا عہد کیا۔ یہ اعلان عوامی تحریک کی طرف سے منعقدہ خصوصی استقبالیہ میں کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، ملک کرامت علی، امتیازاعوان، راجہ ندیم، راجہ اظہر عباس نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر عیسائی رہنماؤں کی قیادت کرنے والے ولیم عمران اور وکٹر مسیح نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک غریب کلاس کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ اس کے بانی و قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ امن اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی۔ مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں غریب کے معاشی مسائل خوفناک شکل اختیار کر گئے ہیں جتنے بھی قوم سے وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ مسیحی عوام عوامی تحریک سے مل کر اس ظالم نظام سے نجات کی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مسیحی عوام کی ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی اب ہمارے رہنماؤں کو بھی ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی اور برابر کے شہری ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے پادری ولیم سراج کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سری لنکا کے مقتول شہری کے خاندان کی مالی مدد کی گئی اسی طرح ولیم سراج کے خاندان کی مدد بھی کی جائے۔ مسیحی رہنما ایک بڑی ریلی کی شکل میں مرکزی سیکرٹریٹ آئے جہاں رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنی امدادی، تعلیمی، سیاسی، سماجی سرگرمیوں میں مسیحی عوام کو شامل رکھتی ہے۔ ہماری اجتماعی شادیوں کی کوئی تقریب ایسی نہیں جس میں مستحق مسیحی جوڑوں کو شریک نہ کیا گیا ہو۔
راجہ اظہر عباس نے استقبالیہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک غریبوں، مزدوروں سے محبت کرنے والی تحریک ہے۔ عوامی تحریک میں پیار ہی پیار ہے۔ تقریب میں ریحان مسیح، عمر گل، ندیم، عاطف لطیف، ارنسٹ گل، ذوالقرنین، دانیال، ولسن مسیح، جاوید مسیح و دیگر نے اظہار خیال کیا۔
تبصرہ