بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیاد ہیں: میاں ریحان مقبول
بلدیاتی قانون سازی نہ کرنا حکومت کی نااہلی ہے: صدر سینٹرل
پنجاب پی اے ٹی
عوامی مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی اداروں میں ہے: بلدیاتی کنونشن سے خطاب
لاہور (31 جنوری 2022) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بلدیاتی قانون سازی نہ کرنا حکومت کی نااہلی ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مسلسل نظر انداز کیا جانا عوام کے ساتھ سخت زیادتی اور ظلم ہے۔ بلدیاتی اداروں کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ حکومت اگر چاہتی ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو تو بلدیاتی اداروں کا وجود ناگزیر ہے۔ فعال بلدیاتی اداروں سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل ہوں گے۔ بلدیاتی ادارے موجود ہوتے تو گڈگورننس کے فقدان پر بھی بند باندھا جا سکتا تھا۔
بلدیاتی اداروں سے مہنگائی بھی ایک حد تک کنٹرول کی جاسکتی تھی ۔ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کی علمبردار ہے۔ ایسے بلدیاتی نظام کے حامی ہیں جس میں نمائندے با اختیار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام گجرات میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرعوامی تحریک سینٹرل پنجاب کے رہنما ملک کرامت، قاری مظہر فرید ایڈووکیٹ، مشتاق سالم سمیت گجرات کے رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ مہنگائی اور غربت نے درمیانے طبقے کی زندگی کو اجیرن بنا کر رکھ دیا۔ عوام مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر بلدیاتی اداروں کے حوالے سے قانون سازی کرے بلدیاتی اداروں کی افادیت اور اہمیت سے کبھی بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔ بلدیاتی نمائندے اپنے علاقے، شہر، گاؤں اور عوام کے مسائل ان کے حل کا بہتر ادراک رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بااختیار بلدیاتی نظام کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔
تبصرہ