عوامی تحریک کے کارکنوں کو رابطہ عوام مہم شروع کرنے کی ہدایت
پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس، بلدیاتی انتخابات پر مشاورت
بلدیاتی انتخابات سے متعلق بروقت قانون سازی نہ ہونے پر اظہار افسوس
حکومت میں بل ڈرافٹ کرنے کی اہلیت نہیں تو پروفیشنلز کی خدمات لے لی جائیں: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (18 جنوری 2022) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں سینئر رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بروقت قانون سازی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ووٹ کے آئینی حق کے استعمال سے محروم رکھنا خلاف آئین اور جمہوری اقدار سے انحراف ہے۔ حکومت میں قانونی ڈرافٹ تیار کرنے کی اہلیت نہیں ہے تو وہ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کر لے۔ عدلیہ کے باربار نوٹس لینے اور تنبیہ کے باوجود پنجاب حکومت تاحال قابل قبول جامع قانون سازی کرنے میں ناکام ہے۔ باربار مسودات قانون تیار کر کے وسائل اور وقت کو ضائع کیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سینئر نائب صدر بشارت عزیز جسپال، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، صوبائی صدور میاں ریحان مقبول، نور احمد سہو، قاضی شفیق، ڈاکٹر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، جی ایم ملک، اعجاز سدوزئی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ڈاکٹر سلطان محمود چوہدری، میاں کاشف، راؤ کامران، مرزا جنید، نصیر خان جدون، ڈاکٹرفرح ناز، عبد الحئی علوی، توقیر اعوان، سدرہ کرامت، حافظ غلام فرید، قاضی فیض الاسلام، مظہر محمود علوی، شیخ فرحان عزیز، پیر اشفاق چشتی، حافظ وقار، عائشہ مبشرنے شرکت کی۔ سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی مجوزہ ایڈمنسٹریٹو ساخت پر بریفنگ دی۔
قاضی زاہد حسین اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت اور پنجاب حکومت تاحال قابل قبول بلدیاتی اداروں کے متعلق قانون سازی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی جو لمحہ فکریہ ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام قانونی و انتظامی مراحل مکمل کئے جائیں۔
سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے، کارکن رابطہ عوام مہم شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قانون سازی میں بار بار تبدیلیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن بالغ ووٹرز اور امیدواروں کیلئے آگاہی مہم چلائے۔ حالات جیسے بھی ہوں بلدیاتی الیکشن التوا کا شکار نہیں ہونے چاہئیں، اجلاس میں لارڈ میئر کے لا محدود انتخابی حلقہ کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ لارڈ میئر کے لامحدود حلقہ لامحدود وسائل درکار ہونگے؟ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں غیرضروری تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
تبصرہ