نیشنل ٹرانسمیشن کمپنی کے افسر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں: ڈاکٹر سلطان محمود
لاہور کو بجلی سپلائی کرنے والے گرڈ سٹیشنوں میں ناقص سامان خریدنے کی چوری پکڑی گئی
ناقص سامان کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوتی ہے: صدر عوامی تحریک لاہور
لاہور (14 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈس پیچ کمپنی کے افسروں کی کرپشن کی وجہ سے عوام بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور قومی خزانہ بھاری نقصان اٹھا رہا ہے۔ لاہور کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشنز میں افسران نے ملی بھگت سے ناقص سامان خریدا جس سے آئے روز فالٹ کی وجہ سے بجلی کی ترسیل میں غیر اعلانیہ تعطل آجاتا ہے اور اس سے کاروبار حیات معطل ہو کر رہ جاتا ہے، ناقص سامان کی خریداری کے حوالے سے سرکاری پورٹس موجود ہیں اور افسروں کی چوری پکڑی گئی ہے مگر لمبے ہاتھ والے افسران ہر بار کارروائی رکوا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی واپڈا میں کرپشن تھی مگر اب تو کرپشن اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان وعدے کے مطابق کرپشن روک دیتے تو انہیں عوام دشمن منی بجٹ لانے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت گرڈ اسٹیشن اور شیخوپورہ گرڈ سٹیشن کے حوالے سے قومی میڈیا نے ناقص سامان کی خریداری کے متعلق کرپشن بے نقاب کی ہے اس کی روشنی میں کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کرپشن اور کرپٹ عناصر کا محافظ ہے۔
تبصرہ