منچن آباد میں کسانوں کے ساتھ غنڈہ گردی بند کی جائے: نور احمد سہو
سرکاری افسروں کی رشوت ستانی پر احتجاج کرنے والے کسانوں کو گرفتار کیا گیا
کسانوں کے ساتھ ظلم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے: صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب
لاہور (14 جنوری 2022ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے کہا ہے کہ منچن آباد میں یوریا کھاد کی تقسیم میں ریونیو اور ایگری کلچر افسران کی رشوت ستانی کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ گرفتار کسانوں کو فوری رہا کیا جائے اور راشی افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ منچن آباد اور بہاولنگر کے کسانوں نے یوریا کھاد میں اوورچارجنگ اور من پسند کسانوں کو ٹاؤٹوں کے ذریعے یوریا کھاد دینے کے خلاف احتجاج کیا تو محکمہ زراعت اور ریونیو کے افسران نے پولیس کے ذریعے روایتی غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا اور 21کسانوں کو گرفتار کروایا گیا۔ کسانوں کی بجائے کسانوں کا حق کھانے والے محکمہ زراعت اور ریونیو کے افسران اور ان کے کرپٹ عملہ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ محکمہ زراعت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کرپشن کے اڈے ہیں۔ یہاں سیاسی پشت پناہی رکھنے والے افسران اور کلرک جیبیں بھرتے ہیں ہر طرف چور بازاری ہے جو کسان صدائے احتجاج بلند کرتا ہے اس کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروا دیئے جاتے ہیں جو کچھ ماضی میں ہوتا تھا وہی آج ہو رہا ہے بلکہ آج سرکاری افسروں کا ظلم اور رشوت ستانی پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کسانوں کے خلاف ہونے والی غنڈہ گردی کا براہ راست نوٹس لیں۔ پاکستان عوامی تحریک کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر خاموش نہیں رہے گی۔
تبصرہ