طوفانی بارش اور بجلی گیس کی عدم فراہمی سے نظام زندگی معطل ہے: میاں ریحان مقبول
متاثرہ علاقوں میں کھڑے پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے
بارش سے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کی جائے۔ صدر سنٹرل پنجاب عوامی تحریک
لاہور (7 جنوری 2022) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ طوفانی بارش اور بجلی گیس کی عدم فراہمی سے نظام زندگی معطل ہے، متاثرہ علاقوں میں کھڑے پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے، بارش سے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کی جائے۔ بلوچستان کی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع طوفانی بارشوں کی زد میں ہیں اور بارشوں کی وجہ سے جانی و مالی نقصانات بڑھ رہے ہیں۔ بجلی کی ترسیل غیر اعلانیہ بند ہے، گیس کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ اضلاع کیلئے ایمرجنسی اقدامات کرے اور متاثرین کی فوری بحالی کیلئے خصوصی فنڈز جاری کئے جائیں۔ سیلاب و بارشوں سے ہونے والے نقصان کی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے انتظامی افسران بارش سے متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھتیں گرنے کے واقعات میں اموات ہو رہی ہیں ہم اس آفت میں جان سے ہاتھ دھونے والے شہریوں کی بخشش اور درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری بھی موجود تھے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں کھڑے پانی کا نکاس بھی فوری یقینی بنانا ہو گا۔
تبصرہ