پیپلز پارٹی کے رہنما منور انجم کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
ڈاکٹر طاہرالقادری کی فروغ علم اور امن کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ منور انجم
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کو انصاف ملنا چاہیے، رہنما پیپلز پارٹی
لاہور (7 جنوری 2022) پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انتہاپسندی کے خلاف اور فروغ امن کے لئے انتہائی مؤثر انداز میں اسلام کی تعلیمات کا احاطہ کیا، تعلیم اور امن کے لئے شیخ الاسلام کی خدمات کے اپنے پرائے سبھی معترف ہیں، شہید بے نظیر بھٹو نے جان دے دی مگر امن کی دشمن قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا، امن کے لئے علماء کا کردار ہر نوع کی مصلحتوں سے بالا تر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کو انصاف ملنا چاہیے، پاکستان پیپلز پارٹی مظلوموں کے ساتھ ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس نظام کو عوام اور جمہوریت کا قاتل سمجھتی ہے، ظلم اور استحصال پر مبنی یہ نظام قیمتی جانیں نگل گیا اس نظام سے نجات کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو ذات اور جماعت کے مفاد سے بالا ہو کر اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا، عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کے لئے بلند ہونے والی ہر آواز کے ساتھ اپنی آواز ملائے گی۔
تبصرہ