روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
اسلام جملہ پیغمبران خدا کی عزت و توقیر کی تعلیم دیتا ہے
توہین آمیز خاکے بیمار اور متعصب سوچ کے آئینہ دار ہیں
مغربی ممالک ولادی میر پیوٹن کے بیان پر توجہ دیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (26 دسمبر 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے درست کہا ہے کہ پیغمبر اسلام کے بارے میں ایسے ریمارکس جن سے ان کے پیروکاروں کی دل شکنی ہوتی ہو وہ آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اپنے اندر پیدا ہونے والی انتہا پسندی کو کنٹرول کرے ورنہ اس کے بہت بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام جملہ پیغمبران خدا کی عزت و توقیر کی تعلیمات دیتاہے۔ کسی مسلمان کا اس وقت تک ایمان کامل نہیں ہوتا جب تک وہ اللہ کے تمام پیغمبران اور آسمانی کتب پر ایمان نہ لائے۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز خاکے بیمار اور متعصب سوچ کے آئینہ دار ہیں ایسے عناصر بین المذاہب تصادم چاہتے ہیں ان کا راستہ بذریعہ قانون سازی روکنا ہوگا اور اس ضمن میں اقوام متحدہ قانون بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مغربی ممالک ولادی میر پیوٹن کے بیان پر توجہ دیں۔
تبصرہ