سٹیٹس کو کی حامی قوتوں نے سیاست کو کاروبار بنا دیا: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک نے سیاست برائے ریاست کا شعور دیا
پڑھے لکھے محب وطن پاکستانی اس نظام سے تنگ ہیں: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (23 دسمبر 2021) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی نظام ڈیفالٹرز کا محافظ ہے۔ عمران خان بھی تبدیلی کے نعرے پر قائم نہیں رہ سکے۔ عوام پہلے کبھی اتنے مایوس نہیں تھے جتنے آج ہیں۔ عوامی تحریک نے سیاست برائے ریاست کا شعور دیا۔ سٹیٹس کو کی حامی قوتوں نے سیاست کو کاروبار بنا دیا۔ احتساب کے بغیر جمہوریت فرعونیت ہے۔ اس عوام دشمن نظام نے صرف سیاسی فرعونوں کو پالا ہے اور آج تک پال رہا ہے۔ اس عوام دشمن نظام کے حامی سیاسی فرعون آئین و قانون کو بلڈوز کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ٹھیک کہا تھا کہ یہ نظام نمک کی کان ہے۔ نمک کی اس کان میں ہیرا بھی نمک بن جائے گا۔ پڑھے لکھے محب وطن پاکستانی اس نظام سے تنگ ہیں۔ 70 سالوں میں چہروں کے بدلنے کے سوا کچھ نہیں بدلا۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ اس نظام میں الیکشن ضمیر کی خرید و فروخت کا کاروبار بن گیا ہے۔ یہ نظام داخلی و خارجی خودمختاری نگل گیا ہے۔ کرپٹ سیاستدانوں نے سیاسی کارکنوں کو بھی کرپٹ کر دیا ہے۔ کرپٹ عناصر نے سیاست کو بازاری کھیل بنا دیا۔ یہ نظام بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کا محافظ ہے۔ عوامی تحریک کی جدوجہد استحصالی نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمے کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دھاندلی زدہ انتخابی نظام ہے۔ جب تک یہ نظام عوامی امنگوں کے مطابق نہیں ہوگا تبدیلی نہیں آ سکتی۔
تبصرہ