کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا: پاکستان عوامی تحریک
زراعت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر مراعات دی جائیں تو اس سے
ملک ترقی کرے گا
کسانوں کی مدد پاکستان کے غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کا واحد آپشن ہے
پاکستان میں غلہ منڈیاں آج بھی وہی ہیں جو 70 سال پہلے تھیں
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور کا کسانوں کے عالمی دن کے موقع پر بیان
لاہور (18 دسمبر 2021) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو اور شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کسانوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ملکی معیشت کا انحصار زراعت کے شعبے پر ہے۔ ملک میں روزگار فراہم کرنے والا سب سے بڑا شعبہ زراعت ہی کا ہے۔ زرعی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر مراعات دی جائیں تو اس سے ملک ترقی کرے گا اور روزگار کے مسائل حل ہونگے۔ زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔ کسان خوشحال ہو گا تو شہروں کی طرف دیہی نقل مکانی کا سلسلہ بھی رک جائے گا۔ شہروں کے مسائل بھی کم ہونگے۔ کسان ہی وہ محسن ہیں جو ہمارے لئے خوراک کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ ہر موسم کی شدت کو برداشت کرتے ہوئے خوراک کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ کسانوں کی محنت سے فائدہ اٹھانے والے معاشی ترقی کے عروج پر پہنچ جاتے ہیں لیکن محنت کرنے والے کسان ترقی کے سفر میں ہمیشہ پیچھے رہ جاتے ہیں۔
نور احمد سہو نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ کسانوں کی بہتری اور ترقی کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ کسانوں کی ترقی میں ہی ملک کی ترقی ہے۔ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق کام کرنا، منافع بخش کاشتکاری کے حصول میں کسانوں کی مدد کرنا، پاکستان کے غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کا واحد آپشن ہے۔
صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان اربوں ڈالر کا سالانہ کھانے کا تیل درآمد کرتا ہے۔ زراعت کا شعبہ دن بدن تنزلی کا شکار ہو رہا ہے۔ زراعت میں شعبہ جاتی اصلا حات کی ضرورت ہے۔ ناقص پالیسیاں، غیر ترقی یافتہ ایگرکلچرل مارکیٹنگ، ویلیو ایڈیشن کی کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات یہ وہ عوامل ہیں جو زراعت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ پاکستان میں غلہ منڈیاں آج بھی وہی ہیں جو 70 سال پہلے تھیں۔ نئی غلہ منڈیوں کی ضرورت ہے۔ نئی غلہ منڈیاں بننے سے مقابلے کی فضا قائم ہوگی تو اس کا فائدہ یقینا کسان کو ہو گا۔
تبصرہ