راجہ پرویز اشرف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
این اے 133 میں تعاون پر عوامی تحریک کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا
لاہور (6 دسمبر 2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مرکزی رہنماؤں و حلقہ این اے 133کے امیدوار اسلم گل کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور این اے 133کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے۔ ہماری سیاست آئین اور جمہوری اقدار کے تابع ہے۔ لاہور سے ہمیں جو محبت ملی ہے اس سے ہمارے حوصلے کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ لاہور کے عوام کی خدمت کے لئے ہم ہمہ وقت موجود ہیں۔ جن دوستوں نے ہم سے بے لوث تعاون کیا اُسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری حسن مرتضیٰ، عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، صدر لاہور ڈاکٹر سلطان محمود چودھری و دیگر رہنما موجود تھے۔
تبصرہ